نیو یارک: پاکستان نے کہا ہے کہ خطے میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ہونے والی دہشت گردی کا ذمہ دار بھارت ہے جس کا اسے جواب دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھارت کی ریاستی و عالمی دہشت گردی کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان میں دہشت گردی افغانستان سے کرائی جاتی ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ جو دہشت گردی افغان سرزمین سے پاکستان میں ہوتی ہے، اس کا ذمہ دار بھارت ہے جسے خود اقوامِ متحدہ کی رپورٹ میں بھی واضح کیا گیا ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ دہشت گرد بھارت میں موجود ہیں اور بھارت پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک بالخصوص سری لنکا میں بھی دہشت گردی میں ملوث ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت خطے میں ہونے والی دہشت گردی پر جواب دے۔ہم بھارت کی دہشت گردی بے نقاب کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کو اتفاقِ رائے سے ایک سال کیلئے اقتصادی و سماجی کونسل کا صدر منتخب کر لیا گیا۔
اقوامِ متحدہ کا ادارہ اقتصادی و سماجی کونسل 54 ممبران پر مشتمل ہے جس کا قیام سن 1945ء میں یواین چارٹر کے تحت عمل میں لایا گیا تاکہ بین الاقوامی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اقوامِ متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل کا صدر منتخب