اسلام آباد: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر ریاستی ہندوؤں کو آباد کرنے کا منصوبہ تیز تر کرتے ہوئے بتیس لاکھ بھارتی شہریوں کو متنازعہ ریاست کے ڈومیسائل سڑٹیفکیٹ جاری کر دئیے ہیں۔
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ گزشتہ سال اکتیس دسمبر تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے ڈومیسائل کے حصول کے لئے ریاست کی کٹھ پتلی حکومت کو کل پینتیس لاکھ چوالیس ہزار938 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے اکتیس لاکھ آٹھ ہزار 682 بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کیے جا چکے ہیں۔
جبکہ دو لاکھ پندرہ ہزار 438 درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ نوے لاکھ کی آبادی میں بتیس لاکھ غیر ریاستی بھارتی شہریوں کی غیر قانونی شمولیت کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب مکمل طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایک متنازعہ اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب میں اس پیمانے پر تبدیلی تمام مروجہ بین الاقوامی قوانین، جنیوا کنونشن اور دوسرے انسانی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے جس کا اقوام متحدہ، اس کے انسانی حقوق کمیشن اور دوسرے بین الاقوامی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بتیس لاکھ بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کرنے اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر آباد کرنے کے بعد نہ صرف کشمیرکے حقیقی باشندے اپنی ہی ریاست میں اقلیت بن کر رہ جائیں گے بلکہ اُن سے ملازمت اور روزگارکے حقوق بھی چھین لیے جائیں گے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی انتھک کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو شہری آزادیوں کی بین الاقوامی تحریک میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت اور اُن کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک جاندار کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں تحریک کشمیر یورپ کا کردار خاص طور پر قابل ستائش ہے۔
انہوں نے تحریک کشمیر کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کریں اور یورپ کی سول سوسائٹی، ممبران پارلیمنٹ اور میڈیا تک رسائی حاصل کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں۔
اس سے قبل صدر ریاست کو اپنی تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف نے بتایا کہ تحریک کشمیر اٹلی میں ایک بڑی کشمیر کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔