سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری ورلڈ کپ سپر 12 کے 23ویں میچ میں بھارت نے نیدر لینڈز کو جیتنے کیلئے 180رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز کے دوران بھارتی ٹیم نے 2 وکٹس کے نقصان پر 179رنز بنائے۔ کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔
جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو 104 رنز سے شکست دے دی
بھارتی ٹیم کی پہلی وکٹ 11 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر کے ایل راہول تیسرے اوور کی چوتھی گیند پر نیدرلینڈز کے باؤلر پاؤل وین میکیرن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ کے ایل راہول نے 12 گیندوں پر صرف 9 رنز بنائے۔
بعد ازاں کپتان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 39 گیندوں پر 53رنز اسکور کیے۔ روہت شرما کو فریڈ کلاسن کی گیند پر کولن ایکرمین نے12ویں اوور کی چھٹی گیند پر 84 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا۔ بعد ازاں اسکورنگ کی ذمہ داری ویرات کوہلی نے لے لی۔
سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 44 گیندوں پر 62رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر بھارت کی جانب سے نیدر لینڈز کو دئیے گئے 180 رنز کے ہدف میں نمایاں کردار ادا کیا۔ 25 گیندوں پر 51رنز اسکور کرنے والے سوریا کمار یادیو بھی اہم کھلاڑی رہے۔