نیو یارک: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت جارحیت کی نئی لہر کی توجیہہ پیش کرنے کیلئے کسی بھی وقت جعلی حملہ کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیو یارک میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں تازہ ترین صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور آذربائیجان سے نمائندگان شریک ہوئے۔
او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر منعقد ہوا۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا پیغام رابطہ گروپ اجلاس میں پیش کیا۔
منیر اکرم کی طرف سے پیش کیے گئے پیغام میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت شروع کررکھی ہے اور نئی جارحیت کی توجیہہ پیش کرنے کیلئے بھارت کسی بھی وقت جعلی فلیگ آپریشن یا حملہ کرسکتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے میں قیامِ امن کیلئے مستقل خطرہ ہیں جبکہ بھارت کو چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی محاصرے کو فوری طورپر ختم کرے۔
پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، بھارت وادی میں ذرائع ابلاغ پر عائد بے جا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرے۔
مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی مقبوضہ کشمیر میں اردو زبان کو سبوتاژ کرنا اور وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا چاہتے ہیں۔ او آئی سی رابطہ گروپ کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کو بھارت پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔
رابطہ گروپ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو چاہئے کہ مسئلۂ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے جبکہ مسئلے کے حل کیلئے عالمی برادری کو بھی آگے آنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: علما ء کرام کشمیریوں پر ظلم کو اجاگر کریں،صدر آزاد کشمیر