لارڈز: انگلش کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو 52 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے تاہم سیریز کا آخری ابھی کھیلا جانا باقی ہے۔
لارڈز کے تاریخی گراؤند پر کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستانی باؤلرز نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46ویں اوورز میں 247 رنز پر پویلین کی راہ دکھا دی۔
جواب میں پاکستانی بلے بازوں امام الحق اور فخر زمان نے بیٹنگ کا آغاز کیا مگر ہدف کے تعاقب میں ایک پھر اوپننگ بلے باز امام الحق صرف ایک رنز پر ڈھیر ہو گئے ، کپتان بابر اعظم 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
آٹھویں اوور میں ٹیم کے 36 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی ٹھس ہو گئے انہوں صرف 5 رنز جمع کیے تھے۔ فخر زمان ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 رنز بنا پائے انہوں نے 45 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔
کھلاڑی ایک کے بعد پویلین لوٹتے رہے۔ شعیب مقصود نے 19 اور شاداب خان نے 21 رنز بنائے۔ 24 اوور کے اختتام تک پاکستان کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے اور ٹیم کا اسکور 115 رہا۔
27 ویں اوور میں فہیم اشرف اور 30ویں اوور میں حسن علی آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف شدید دباؤ میں کھیلے انہوں نے 9 گیندیں کھیلیں اور صرف ایک رن بنایا جب کہ حسن علی نے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 17 گیندوں پر 31 رنز بنائے، تین چھکے اور دو چوکے بھی لگائے۔ وہ فہیم اشرف کے بعد آئے اور انہوں نے ٹیم کا اسکور 118 سے 152 تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی نویں اور سب سے اہم وکٹ 39 ویں اوور میں 192 رنز پر گری۔ سعود شکیل 77 گیندوں پر 56 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے بھی لگائے تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا آغاز بھی کوئی اچھا نہیں تھا ان کے پہلے دو بلے باز ڈیوڈ ملان اور زیک کرالے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تاہم بعد میں آنے والے بلے باز فل سالٹ اور جیمز ونس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن دی ، فل سالٹ نے 60 اور جیمز ونس نے 56 رنز اسکور کیے۔
کپتان بین اسٹوکس اپنا 100واں میچ یادگار نہ بناسکے اور 22 رنز ککے مہمان ثابت ہوئے۔ جان سمسن 17 اور لیوس گریگوری 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بریڈن کرس 31 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی 5، حارث رؤف 2، شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : چیئرمین پیپلزپارٹی نجی دورے پر امریکا روانہ ہوگئے