وزیر اعظم پاکستان عمران خان 28 اکتوبر کو ننکانہ صاحب جائیں گے جہاں بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزراء اور تحریک انصاف کے قومی و مقامی رہنما شرکت کریں گے۔
سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وفاقی وزراء اور غیر ملکی سفیروں کے ساتھ ساتھ پارٹی قائدین بھی شرکت کریں گے جبکہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ مہمانوں کا استقبال کریں گے۔
لاہور سے 91 کلومیٹر کی دوری پر واقع ننکانہ صاحب کا شہر 2005ء تک شیخوپورہ ضلعے کا حصہ رہا، تاہم مئی 2005ء میں اسے ضلعے کا درجہ دے دیا گیا تھا جس میں شاہ کوٹ اور شانگلا ہل کی تحصیلیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان 28 اکتوبر کو ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے جہاں پنجاب کی صوبائی حکومت کے اہم نمائندگان سے ملاقاتیں ہوں گی۔
ایک روزہ دورۂ لاہور کے دوران وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کریں گے اور شہر میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ لیں گے۔
وزیراعظم عمران خان لاہور دورے کے دوران نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے ساتھ ساتھ شہر میں امن و امان کی صورتحال پر حکومتِ پنجاب کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر کو لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے