لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان آج رات کو مینارِ پاکستان میں تحریکِ انصاف کے جلسے سے خطاب کریں گے، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج مینارِ پاکستان پر ہونے والے تاریخ ساز جلسے سے خطاب کریں گے جس میں پی ٹی آئی کارکنان اور ہمدردوں سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
سینیٹر ستارہ ایاز کی والدہ انتقال کر گئیں
تحریکِ انصاف کا مینارِ پاکستان جلسہ ٹی وی چینلز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جلسہ نمازِ تراویح کے بعد ہوگا۔جلسے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ پولیس نے راستے بلاک کرنا شروع کردئیے۔
پنجاب پولیس نے مینارِ پاکستان جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگانا شروع کردئیے۔ شاہدرہ پر کنٹینرز لگا دئیے گئے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس ہمارے کارکنان کی غیر قانونی پکڑ دھکڑ میں ملوث ہے۔
تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں کر رہی ہے تاکہ مینارِ پاکستان کا جلسہ متاثر ہو۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا جلسہ تمام ریکارڈز توڑ دے گا۔
عمران خان نے کہا کہ میں قوم کو بتاؤں گا کہ ملک کو تباہی کی دلدل سے کیسے نکالنا ہے۔ لوگوں کو جلسے میں شریک ہونے سے روکنے کیلئے ہر طرح کی رکاوٹیں ڈالی جائیں گی۔ سیاسی اجتماع میں شرکت شہریوں کا بنیادی حق ہے۔