لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجرموں کے ٹولے نے معیشت کو زمیں بوس کردیا جبکہ 2023 کا الیکشن تحریکِ انصاف ہی جیتے گی۔
تفصیلات کے مطابق سالِ نو 2023 کے موقعے پر قوم کے نام پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سال 2022 میں بہترین کارکردگی کے باوجود ہماری حکومت سازش کے ذریعے ہٹا دی گئی اور ملک مجرموں کو سونپ دیا گیا۔
بحریہ ٹاون متاثرین کیلئے مظاہرہ کرنے پر جے یو آئی رہنما گرفتار
پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال مایوس کن ضرور ہے تاہم ہمیں امید ہے کہ 2023 کے عام انتخابات میں جیت پی ٹی آئی کے نام ہوگی۔ 2022 بیک وقت بہترین اور بد ترین سال رہا۔مجرموں کے گروہوں نے معیشت منہدم کردی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مجرموں کے گروہ نے نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے تمام وائٹ کالر مجرموں کیلئے لوٹ مار کے دروازے کھول دئیے، تاہم 2022 بہترین بھی تھا کہ میں نے اہلِ پاکستان کو قوم کے سانچے میں ڈھلتے ہوئے دیکھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت کی مکمل پشت پناہی سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے یکجا ہو کر پی ٹی آئی کے خلاف صف آراء ہونے کے باوجود پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں 75 فیصد تک فتحیاب رہی۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خود کو صحیح معنوں میں قومی جماعت کے طور پر منظم کیا۔ آج کل قومی منظر نامے پر دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود مجھے اللہ ربّ العزت پر ایمان اور قوم پر اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اعتماد ہے کہ پی ٹی آئی 2023 میں انتخابات کے ذریعے مضبوط حکومت بنائے گی۔ پاکستان کو بحرانوں کی دلدل میں امپورٹڈ حکومت اور سرپرستوں نے دھکیلا۔ حکومت سے نجات کیلئے ہم ٹھوس اسٹرکچرل اصلاحات متعارف کرائیں گے۔