لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا ذہنی معائنہ کروانا چاہیے، جو کچھ روضۂ رسولؐ پر ہوا اس پر انہیں معافی مانگنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی وجہ سے آئین سے روگردانی کی جارہی ہے۔
لیگی رہنما کے مطابق ہم ایک بار پھر تیسری درخواست لے کر عدالت میں موجود ہیں، 28 دن ہو گئے، نہ حکومت ہے نہ نظام ہے، عمران خان پنجاب کے عوام سے انتقام لے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کل گورنر پنجاب نے صدر کو خط لکھا جس میں لاہور ہائیکورٹ پر سوالیہ نشان لگایا ہے، آئین کہتا ہے حلف برداری فوری ہو ، گورنر کی کوئی صوابدید نہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آپ خود آئین کو پامال کریں اور عدالتوں کو بدنام کریں، یہ باعث شرم ہے، اگر کوئی واقعہ ہوا تو ذمہ داری گورنر پنجاب پر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم میں وزارت اعلیٰ کیلئے حمزہ شہباز شریف کی حلف برداری یقینی بنانے کے واضح احکامات موجود ہیں، صدر اور گورنر پنجاب کیخلاف آرٹیکل 6 اور توہین عدالت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
لیگی رہنما کا کنا تھا کہ آج اگر گورنر حکم نہیں مانتا تو کل عام شہری کیسے عدالت کا حکم مانے گا، آپ نے آئین کے ساتھ بہت کھلواڑ کر لیا، ہم چاہیں تو کسی تیسرے آئینی عہدیدار سے حلف لے لیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی ﷺ میں افسوسناک واقعہ، ذمہ داران کا مستقبل کیا ہوگا؟