مسجد نبوی ﷺ میں افسوسناک واقعہ، ذمہ داران کا مستقبل کیا ہوگا؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گزشتہ کل سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ میں ایک گروپ کی جانب سے پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد کا گھیراؤ کیا گیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اراکین مسجدِ نبوی ﷺ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے لئے گئے تھے جہاں پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی افراد کی جانب سے شرمناک نعرے بازی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

مسجد نبوی ﷺ

سعودی عرب کے شہر مدینہ میں واقع مسجدِ نبوی دنیا میں مسلمانوں کا دوسرا مقدس ترین مقام ہے اور اسے پیغمبرِ اسلام کی زندگی میں ان کے ہیڈکوارٹر کی حیثیت حاصل تھی۔اسلامی روایات کے مطابق مسجد نبوی میں ادا کی گئی نماز کا ثواب مکہ میں خانہ کعبہ والی مسجد الحرام کے علاوہ کسی بھی دیگر مسجد میں ادا کی گئی نماز کے مقابلے میں ہزار گنا زیادہ ہے۔

پیغمبرِ اسلام نے یہ مسجد مکہ سے اُس وقت یثرب کہلائے جانے والے شہر مدینہ ہجرت کرنے کے بعد تعمیر کروائی اور مسجدِ قبا کے بعد مدینہ میں تعمیر کی جانے والی یہ دوسری مسجد تھی۔اسلامی روایات کے مطابق اسی مسجد میں وہ مقام بھی واقع ہے جسے ’ریاض الجنہ‘ یا جنت کے باغوں میں سے ایک باغ کہا جاتا ہے۔

یہ مسجد مسلمانوں کیلئے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہاں پر مسلمان عمرے اور حج کے دوران نوافل کا اہتمام کرتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے حامی

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے حامی بہت زیادہ بپھرے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ گزشتہ کل مسجد نبوی ﷺ کا تقدس بھی بھلا بیٹھے۔

پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے موجودہ حکومت کے خلاف ایسے سوشل میڈیا ٹریندز مسلسل چلائے جارہے ہیں جن میں امپورٹد حکومت نامنظور سب سے زیادہ مقبول ہے۔

مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ

گزشتہ کل وزیراعظم شہباز شریف جب اپنے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ میں حاضری کیلئے پہنچے تو اس موقع پر وہاں لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہو گیا، ان لوگوں نے اس مقدس ترین جگہ کا بھی خیال نہیں رکھا اور سیاسی نعرہ بازی کی۔

سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز بہت زیادہ وائرل ہورہی ہیں ، جس میں حکومتی عہدیداروں اور وفاقی وزراء کے ساتھ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں لوگوں کے ایک گروپ کو بدتمیزی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

وہاں موجود لوگوں نے طوفان بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وفد میں شامل خواتین وزراء جن میں مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں کے ساتھ بدسلوکی کی اور وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف چور چور کے نعرے لگائے بعدازاں نعرہ بازی کیساتھ ساتھ اس موقع کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔

مسجد نبوی ﷺ واقعے پر مفتیان کرام کا ردعمل

مسجد نبوی ﷺ میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر پاکستان کے معروف عالم دین، مذہبی اسکالر اور جامعہ دارلعلوم کراچی کے مہتمم مفتی تقی عثمانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ

‘روضہ رسول ﷺ پر صحابہ کرام بھی اپنی آواز نیچی رکھتے تھے کہ بے ادبی نہ ہوجائے، مگر ذہنی مریضوں نے آج ثابت کردیا کہ ان کے نزدیک ادب، احترام، تقدس اور اخلاقیات محض افسانوی باتیں ہیں’۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی کا مسجد نبوی ﷺ  کے واقعے پر کہنا ہے کہ غم کی ایسی کیفیت ہے جو دور نہیں ہو رہی، آقائے دوجہاں کے دربار میں حاضری پر جاتے ہوئے جوشرمساری کی ہے وہ ناقابل بیان ہے، پاکستان کے اندر جن لوگوں نے اس وائلنس کو ابھارا ہے،حکومت  اُن کیخلاف سخت ایکشن لے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اپنے قوانین کی خلاف ورزی پر اقدامات کرے گی اور کر رہی ہے، ہر چیز برداشت کرسکتے ہیں لیکن حرمین شرفین کی تعظیم پر کوئی چیز برداشت نہیں کرسکتے، یہ چھوٹا کام نہیں ہوا، پاکستان کو بدنام اور حرمین شریفین کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 30 اپریل کو اس حوالے سے اہم اعلان کریں گے، سیاسی لڑائی جس نے لڑنی ہے سیاست کے میدان میں لڑے۔

مسجد نبوی ﷺ  میں پیش آنے والے واقعے پر مولانا طارق جمیل نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ’   مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ہے، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے’۔

افسوسناک واقعے کے ذمہ داران کا مستقبل کیا ہوگا؟

سعودی حکومت نے مسجد نبوی ﷺ کا تقدس پامال کرنیوالے درجنوں پی ٹی آئی سپورٹرز کوگرفتارکرلیا ، ملزمان کو سخت سزائیں  دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہےبعدازاں کچھ سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو گزشتہ شام مدینہ منورہ میں پیش آنے والے واقعہ کے ماسٹر مائنڈ تھے۔

میڈیا  ذرائع کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا تقدس پامال کرنے میں ملوث سابق وزیراعظم عمران خان کے دوست  صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو  اور ڈیڑھ سو کے قریب افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ان  افراد کو پانچ سال قید، ساٹھ ہزار ریال جرمانہ اور تاحیات حج و عمرے پر پابندی  لگادی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے سب سے کم عمر وزیرخارجہ، کیا بلاول بھٹو بیرونی چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائینگے ؟

تفصیلی تفتیش کے بعد جن افراد نے نعروں کے ساتھ دست درازی کی ہے یا مسجد نبوی ﷺ کا تقدس پامال کرتے ہوئے گالیاں دی ہیں انہیں کوڑوں کی سزا کے ساتھ عمر قید بھی متوقع ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بات اس بات کی قوی امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستانیوں کیلئے عمرہ یا حج کے ویزا پالیسیوں کو تبدیل کردیا جائے گا اور شرائط میں مزید سختی کی جاسکتی ہے، جس کی وجہ سے پاکستانیوں کو سعودیہ جانے کیلئے  بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔