لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نیازی اور ان کے ساتھیوں نے مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ حرمِ پاک مدینہ منورہ میں پی ٹی آئی کی قیادت کی سرپرستی میں بے ادبی کی گئی، اس بے ادبی سے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والے تڑپ کر رہ گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے غصے میں بھرے سینکڑوں پیغامات ملے کہ حکومت ایکشن کیوں نہیں لے رہی، حکومت کا ایکشن سیاسی انتقام تصور ہو گا اور یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ان کے چہرے سے کل قدرت نے اس نقاب کو اتار پھینکا، نقاب اترنے کے بعد ان کا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے، وہی ان کی سب سے بڑی سزا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کل وزیراعظم شہباز شریف جب اپنے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ میں حاضری کیلئے پہنچے تو اس موقع پر وہاں لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہو گیا، ان لوگوں نے اس مقدس ترین جگہ کا بھی خیال نہیں رکھا اور سیاسی نعرہ بازی کی۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی ﷺ میں افسوسناک واقعہ، ذمہ داران کا مستقبل کیا ہوگا؟