اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے ہفتہ کو سابق وزیراعظم عمران خان کی 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو تشدد پر اکسانے سے متعلق 10 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زبیر نیازی، شیخ امتیاز، میاں اکرم عثمان اور عظیم افضل سے تفتیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ ملزمان سے فوری تفتیش کا حکم دیا، جس پر فوری طور پر زبیر خان نیازی اور دیگر کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمان کے بیانات عدالت کے باہر ریکارڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے درمیان تشدد سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیسز میں ضمانت کی درخواست کی سماعت میں شریک ہوئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی 5000 روپے کے حفاظتی چالان کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی، پی ٹی آئی سربراہ کی ستمبر کے پہلے ہفتے تک ضمانت منظور کی گئی ہے۔
عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر مقدمہ نمبر 425 کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
مزید پڑھیں:اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کا معاملہ، ن لیگ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا