صوبہ پنجاب کے شہر راجن پور میں حلقہ این اے 193 میں قومی اسمبلی کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار محسن لغاری نے میدان مار لیا جس پر چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 پر ضمنی انتخاب کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنز کےغیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محسن لغاری 90 ہزار 392 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
عمران خان نے ملک میں انارکی کا تہیہ کر رکھا ہے۔ رانا ثناء اللہ
محسن لغاری 90 ہزار سے زائد ووٹ لے کر پہلے، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمار لغاری 55 ہزار 218 ووٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی کے اختر گورچانی 20 ہزار 74 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
ٹی ایل پی کے محمود احمد نے 3 ہزار 961 ووٹ لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، محسن لغاری کی کامیابی پر سابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے مبارکباد دی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف سرکاری مشینری استعمال ہوئی، نیوٹرلز اور الیکشن کمیشن کے مابین گٹھ جوڑ بھی ہوا تاہم زوردار کامیابی پر محسن لغاری کو مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کامیاب امیدوار محسن لغاری کے علاوہ تحریکِ انصاف کے کارکنان اور ووٹرز کو بھی مبارکباد دی اور خدشہ ظاہر کیا کہ پی ڈی ایم اور سرپرست مزید خوفزدہ ہوجائیں گے۔
تحریک انصاف کیخلاف سرکاری مشینری،نیوٹرلز اورECP کےمابین گٹھ جوڑ کےباوجود زوردار کامیابی پر محسن لغاری، مینالغاری،PTIکےکارکنان اورNA-193کےووٹرز کومبارکباد پیش کرتاہوں۔مجھےخدشہ ہےکہ اس سےPDM اور اسکے سرپرستوں پر مزیدخوف طاری ہوگا۔چنانچہSCکےججز پر غیر معمولی دباؤ کی توقع رکھئیے!
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2023
انہوں نے کہا کہ عوام تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے اور این اے 193 میں مافیاز کو شکستِ فاش دینے کیلئے جنون اور جذبے سے پی ٹی آئی کو منتخب کرنے کیلئے گھروں سے نکلے، اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔