وزیر اعظم عمران خان نے فضائی آلودگی اور اسموگ کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے بھیجی گئی سفارشات منظور کر لی ہیں جن کے تحت صوبے سے بتدریج اسموگ کا خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان نے کہا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے داتا کی نگری لاہور میں 60 ہزار کنال کی اراضی مختص کی جائے گی جہاں درخت لگائے جاسکیں۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق 60 ہزار کنال کی اراضی پر جنگلات لگانے سے آکسیجن کی کمی اور فضا میں شامل متعدد گیسز اور اسموگ کے باعث شہریوں کو درپیش مسائل کا ازالہ مقصود ہے۔
حکومتِ پنجاب کی سفارشات کے مطابق عوامی سہولت کے لیے 250 بسوں کو ہائبرڈ یا الیکٹرک انجنز پر منتقل کرکے فضائی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے بھرپور بہتری لائی جائے گی۔
سفارش کی گئی ہے کہ فضا میں دھواں پیدا کرکے شہریوں کو ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کرنے والی ٹرانسپورٹ کو بتدریج ختم کردیا جائے گا۔ آئندہ تمام نئی بسیں دھویں سے پاک ہوں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سےاسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے اور اتحادی معاملات پر بات چیت کی گئی۔
بتایا گیا کہ 21 نومبر کو حکومتی اتحاد کے معاملات بہتر انداز میں چلانے سے متعلق مشاورت کیلئے پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان رابطہ ہوا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور ق لیگ کی قیادت کے مابین ملاقات ہوئی۔
مزید پڑھیں: عثمان بزدار سے اسپیکر اسمبلی پرویز الٰہی کی ملاقات