کراچی : احتساب عدالت نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کیخلاف سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا ریفرنس قابل سماعت قرار دے دیا ،مصطفی کمال پر کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔
احتساب عدالت میں ساحل سمندر پر غیرقانونی طور پر الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی، چیئر مین پی ایس پی مصطفی کمال، سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، داود جان، زین ملک و دیگر کی جانب سے ریفرنس کے ناقابل سماعت ہونے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں ملزمان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریفرنس قابل سماعت قرار دے دیا۔
عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی، مصطفی کمال اور سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی سمیت دیگر ملزمان پر کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔
مزید پڑھیں :نازک دور سے گزرنے والے پاکستان کی معاشی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔مصطفیٰ کمال
بعد ازاں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر لگائے گئے الزامات کا کوئی سر پیر نہیں ہے، سندھ میں کتوں کے کاٹنے سے درجنوں لوگ مر رہے ہیں اور سندھ حکومت اپنی اجارہ داری قائم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کل وزیر اعظم کی تقریر سے مایوسی ہوئی، مجھے اب کوئی امید نظر نہیں آتی کہ ملک میں کچھ بہتری ہوگی، فیصلہ عدالتوں کا تھا مگر وزیر اعظم کہتے ہیں کہ انہوں نے رحم کیا ، حکومت سے وابستہ تمام امیدیں ختم ہوگئیں، تب عدالتی نظام بہتر تھا، جب حکومت کی حمایت میں فیصلے آرہے تھے۔پی ایس پی چیئرمین نے کہا سندھ کے بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں، ویکسین نہیں ہے، لوگ بیماریوں سے مر رہے ہیں، مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔
بانی ایم کیو ایم نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے، بابری مسجدکے فیصلے کو صحیح کہہ رہے ہیں، 3 سال قبل میری کی گئی پریس کانفرنس بالکل صحیح ثابت ہوئی۔مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی سے کشمور اور کشمور سے کشمیر تک کے نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ میرے ساتھ آئیں، ہم ملک ٹھیک کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دامن کرپشن سے پاک ہیں، آنے والا وقت پاک سر زمین پارٹی کا ہے، وزیرِ اعظم کا مدت پوری کرنا ضروری نہیں ہے، بس جمہوریت باقی رہنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :بھٹو کے شہرمیں کتوں کا راج، بچے کا منہ کاٹ کھایا،حالت تشویشناک