راولپنڈی : آر ڈی اے اور راولپنڈی پولیس غیر قانونی کمرشل بلڈنگز بنانے والوں کی مسیحا بن گئی شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کی بھرمارہے، جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہےکہ آر ڈی اے بلڈنگ کنٹرول کے کرپٹ افسران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی راولپنڈی کے رہنما چوہدری ساجد نے نیوچاکرہ روڈ پر غیر قانونی طور پر 3 منزلہ شادی ہال بناڈالا، آر ڈی اےبلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران رشوت لے کر خاموش ہیں۔
چوہدری ساجد اینڈ کمپنی نے غیر قانونی شادی ہال میں رنگ روغن اور شیشے لگانا شروع کر دیے ہیں ، مارچ 2019 میں عوامی شکایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول چوہدری عاطف نے ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی شادی ہال کو سیل کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بعد ازاں پی ٹی آئی اے سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی شادی ہال کے مالک چوہدری ساجد نے قانون کو پاؤں تلے روندتے ہوئے نہ صرف سیل توڑ دی بلکہ شادی ہال کی دوبارہ تعمیر شروع کر دی۔
اس پرآر ڈی اےکے بلڈنگ کنٹرول کے ڈی ڈی عاطف چوہدری نے تھانہ نصیر آباد میں چوہدری ساجد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دی تاہم تاحال چوہدری ساجد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیاجاسکتا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چوہدری ساجد نے غیر قانونی شادی ہال کو مسمار ہونے سے بچانے لیے آر ڈی اےاورتھانہ نصیر آباد کے اہلکاروں کو مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت دے کر چپ کرا رکھا ہے کمشنر راولپنڈی ، ڈی سی، سی پی او، چئیرمین و ڈی جی آر ڈی اے ایکشن لیں۔