اس بار بھی احتجاج کامیاب نہیں ہوسکا تو پھر کیا ہوگا، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شیر افضل مروت کا بیان سامنے آگیا ہے۔
شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار اگر حتمی احتجاج میں ہم ناکام ہوگئے تو پھر چھ ماہ تک ماحول نہیں بن سکے گا، پاکستان کے کسی بھی علاقے سے دو سے تین لاکھ لوگ نکل آئے تو کافی ہوں گے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عوام کے ذہن میں بٹھانا ہے کہ یہ فائنل احتجاج ہے، اس لیے تیاری کے ساتھ آنا ہے کیونکہ گرفتاری کے ساتھ کسی بھی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ بنگلہ دیش میں تین لاکھ شہری باہر نکلے اور حکومت کا تختہ الٹ دیا، پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت سے خیر کی کوئی توقع نہیں، اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ عمران خان اور پی ٹی آئی کو پریشان کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ لوگوں کو اس سے قبل تھانے، کچہری اور جیل سے ڈر لگتا تھا لیکن اب دو ڈھائی سالوں میں وہ ڈر ختم ہوگیا ہے، اب ہمیں ڈرانے کی کوشش میں حکومت خود ڈر جائے گی۔