کینبرا: خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کھیل شروع ہوچکا ہے جس کے دوران ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان نے ان کی 2 وکٹیں گرا دی ہیں۔
ویسٹ انڈین کپتان اسٹیفنی ٹیلر اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کے درمیان ٹاس ہوا جسے جیتنے کے بعد اسٹیفنی ٹیلر نے اعلان کیا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرے گی۔
پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم میں ہائیلی میتھیوز، لی این کربی، کپتان اسٹیفنی ٹیلر، ڈیندرا ڈوٹن، شیمائن کیمپبل (وکٹ کیپر)، چیڈین نیشن، چنیلی ہینری، شکیرا سلمان، انیسا محمد، آفی فلیچر اور شمائلہ کونیل شامل ہیں۔
دوسری جانب خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم میں جویریہ خان، منیبہ علی، بسمہ معروف، ندا ڈار، عمائمہ سہیل، ارم جاوید، عالیہ ریاض، سدرہ نواز (وکٹ کیپر)، ایمن انور، ڈائنا بیگ اور انعم امین شامل ہیں۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے مقامی وقت کے مطابق آج صبح 7 بجے کھیل کا آغاز ہوا۔ پانچ اوور مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز اسکور کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی ویمنز ٹیم کے کرکٹ سفر کا آغاز آج ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈرینکنگ میں پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر موجود ہے۔انفرادی رینکنگ میں بسمہ معروف دنیا کی 11ویں بہترین بیٹر اور انعم امین 13ویں بہترین باؤلر ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیل