پاکستان کی خوبصورت اداکارہ مہوش حیات اور معروف اداکار ہمایوں سعید کی آنے والی رومانٹک فلم ‘لندن نہیں جاونگا’ کو ترکی میں ریلیز کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور ممکنہ طور پر یہ فلم ترکی میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہوگی۔
فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ شوٹنگ کے مراحل میں ہے اور فلم کی ٹیم ترکی میں موجود ہے۔
مذکورہ فلم کے پروڈیوسر عرفان ملک نے ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں فلموں کی شوٹنگ کے لیے نہ صرف بہترین لوکیشنز موجود ہیں بلکہ وہاں کا تکنیکی عملہ بھی انتہائی پیشہ ورانہ ہے جب کہ وہاں 8 ہزار سینما بھی ہیں۔
پروڈیوسر نے بتایا کہ ترکی میں فلم اور ڈراما انڈسٹری بہت بڑی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو ترکی میں ترجمے کے ساتھ سینماؤں میں ریلیز کریں۔
پروڈیوسر عرفان ملک کے مطابق ’لندن نہیں جاؤں گا‘ ان کی تیسری فلم ہے، جس کی شوٹنگ ترکی میں کی جا رہی ہے اور وہ اسے وہاں ریلیز کرنے کے لیے مقامی ڈسٹری بیوٹرز سے بات چیت میں مصروف ہیں اور ان کی حتی الامکان کوشش ہے کہ فلم کو وہاں پیش کیا جائے۔
پروڈیوسر کا کہنا تھا پاکستان میں ترکی کے ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں، جنہیں وہاں کافی پسند کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان میں ترکی کی فلموں کی نمائش نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ وہ پہلی پاکستانی فلم بنے گی، جسے ترکی میں مقامی زبان میں ترجمہ کرکے پیش کیا جائے گا۔
مزید برآں اسی حوالے سے ہمایوں سعید نے بھی ترک خبر رساں ادارے سے بات کی اور کہا کہ انہیں ترکی میں بہت عزت اور محبت دی جا رہی ہے، جیسا کہ ترکی کے لوگوں کو پاکستانی عزت اور محبت دیتے ہیں۔
انہوں نے ترکی میں اپنی فلم کی شوٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ وہاں اچھی تکنیکی ٹیم موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکار شان شاہد کی شعیب اختر پر سخت تنقید