گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں، عوام باہر نکلنے کے لئے تیار رہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کا خاص شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے قوم کے نوجوانوں کی حقیقی آزادی کے لیے ضرورت پڑے گی، جلسے میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں،جلسے میں خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد ہے،اللہ تیرا شکرہے تونے قوم کو جگا دیا، جوقوم جاگ جائے وہ اپنی حقیقی آزادی کو چھینتی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کبھی غلام قوم کی پرواز اوپر نہیں جا سکتی،قوم کوآزاد کرانا چاہتا ہوں،چارچیزیں ہمیں غلام رکھتی ہیں، ہمارا کلمہ انسان کوآزاد کرتا ہے، کلمے کا مطلب اللہ تیرے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا، ہمارے نبی ﷺ مدینہ کی ریاست میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب لیکر آئے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتوینو گوتریس سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے آئے تو شہبازشریف نے ان سے بھی پیسے مانگنا شروع کر دیئے۔
عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کرائم منسٹرچیری بلاسم دنیا میں پیسے مانگنے چلا گیا، شہبازشریف بیرون ملک جا کر کہتا ہے بڑا مجبور ہوں پیسے واپس کر دونگا۔
نوازشریف، شہباز شریف، زرداری کے اربوں ڈالر بیرون ملک باہر پڑے ہیں، جب یہ بیرون ملک جاکرپیسے مانگتے ہیں انہیں ان کے بارے سب کچھ پتا ہے، دنیا میں مانگنے والے کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔
عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے آئے ہیں، شہباز شریف سیکرٹری جنرل کو کہہ رہا ہے جو پیسے دیں گے ایمانداری سے خرچ کریں گے، شہبازشریف سیکرٹری جنرل کو پتا ہے آپ کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پرہے، یہ اپنا پیسہ ملک سے باہررکھتے ہیں اوردوسروں سے بھیک مانگتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میری پوری کوشش ہے نبی ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں، میری والدہ کہتی تھی تمہیں انگریز کی غلامی کا اندازہ نہیں،انگریز سے آزاد ہو گئے، دوسری غلامی کسی کے حکم کی غلامی ہے،مجھے ہٹایا گیا کہ آپ روس سے سستا تیل نہیں خرید سکتے،بھارت روس سے 40 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے،روس سے سستا تیل لینے کے لیے میں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات بھی کی تھی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کوسستا تیل اورگندم چاہیے۔روس سے واپس آیا تو بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی، چوروں کو ہمارے اوپر بٹھایا گیا، چوروں نے اقتدارمیں آکر ڈر کی وجہ سے روس سے سستا تیل، گندم نہیں لی۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کا عمران خان کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے ایک اور نوٹس