راولپنڈی: ٹیکسلا کے شاہی محلہ کی رہائشی خاتون انیلہ بی بی کو لیاقت نامی شخص نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، انیلہ بی بی نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ زیادتی کرنے والا مذکورہ شخص (لیاقت)میرے خاوند کا دوست تھا اور اس کا ہمارے گھر آنا جانا تھا، ایک روز لیاقت میرے گھر آیا اُس وقت گھر میں کوئی نہیں تھا، مجھے گھر میں اکیلا پا کر لیاقت نے اسلحہ کے زور پر میرے ساتھ زیادتی کی۔
انیلہ نے بتایا کہ اُس دوران لیاقت نے میری نازیبا ویڈیو اور تصاویر بنا لیں اوردھمکیاں دیں کہ اگر اس بارے کسی کو کچھ بتایا تو میں تمہیں جان سے مار دوں گا، ان نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر بلیک میل کرکے لیاقت مجھے عرصہ دراز سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنارہاہے۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ لیاقت ایک منشیات فروش ہے اور اس کے ٹیکسلا پولیس چوکی میں تعینات اہلکاروں سے اچھے تعلقات ہیں، میں نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر ملزم کیخلاف کارروائی کیلئے چائنہ چوکی میں درخواست دی تو چوکی انچارج نے مجھے مختلف طریقوں سے ڈرا دھمکا کر درخواست واپس کروا دی اور ملزم لیاقت کو چوکی میں بلا کر میرے ساتھ جبراً صلح کروادی۔
خاتون نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی پر لیاقت نامی شخص کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،مجھے جانی تحفظ کے ساتھ ساتھ انصاف مہیا کیاجائے،بصورت دیگر میں خود سوزی کرلوں گی۔