ہواوے نے 2024 میں اسمارٹ واچز اور فٹنس بینڈز سمیت دیگر ڈیوائسز کی ترسیل میں ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آئی ڈی سی کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیک مارکیٹ میں ایک اہم تبدیلی ہوئی جہاں ہواوے اب عالمی ترسیل کے رینکنگ میں سر فہرست ہے۔
اگرچہ ایپل عالمی اسمارٹ واچ کی کیٹیگری میں ابھی بھی لیڈنگ پوزیشن میں ہے مگر مقابلہ تیز ہو رہا ہے۔ ایپل واچ سیریز 10 کی رونمائی نے تیسری سہ ماہی میں عارضی سیلز میں اضافہ کیا لیکن ہواوے ،شاؤمی اور سام سنگ جیسے حریف مضبوط ترقی کر رہے ہیں، جو اسمارٹ واچ انڈسٹری کے مستقبل کے لیے ایک زیادہ مسابقتی ماحول کی نشاندہی کرتا ہے۔
چین نے عالمی اسمارٹ واچ مارکیٹ کو نئے سرے سے تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جہاں 2024 میں عالمی ترسیل میں معمولی کمی ہوئی، وہیں چین نے اسمارٹ واچز اور فٹنس بینڈز کی بڑھتی ہوئی طلب کی بدولت 20 فیصد کا اضافہ دیکھا ہے۔
ہواوے کی کامیابی کا راز اس کی جدت طرازی اور مارکیٹ میں توسیع پر مرکوز حکمت عملی میں ہے۔ کمپنی کے جی ٹی فائیو اور جی ٹی فائیو پرواسمارٹ واچز کو ان کی جدید صحت مانیٹرنگ خصوصیات کی وجہ سے خاصی پذیرائی ملی ہے، جو کہ صحت کی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی طلب کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔
ہواوے نے ایشیا پیسیفک، لاطینی امریکہ، اور مشرق وسطی جیسے مارکیٹوں میں اپنی موجودگی کو بڑھایا ہے اور اپنے مصنوعات کو مقامی صارفین کی پسند کے مطابق ڈھالا ہے۔ہواوے ہی نہیں بلکہ شاؤمی اور سام سنگ بھی ایپل کی اجارہ داری کو چیلنج کر رہے ہیں۔