کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کیلئے وفاق کو تجاویز پیش کردی ہیں۔ سندھ حکومت کی تجاویز پر جلد عملدرآمد کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجلی کے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کا منصوبہ وفاقی وزیر توانائی کے حوالے کردیا ہے۔ منصوبے کے تحت 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کی تیاری کی جائے گی۔
اپنے منصوبے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پیک آور چارجز اور مختلف سلیبز ختم کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر بجلی سستی ہوگی تو طلب میں اضافہ ہوگا اور اضافی بجلی بھی عوام کے استعمال میں آجائے گی جس کا فائدہ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ویڈیو لنک پر ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اویس لغاری سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ دونوں حکام کے مابین کم آمدنی والے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 300 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی رکھنے والے صارفین کو بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی بھی دی جاسکتی ہے۔