پاکستان کے مختلف شہروں میں شہری اب قومی شناختی کارڈ اور دیگر اہم دستاویزات گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں، نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شروع کی گئی “نادرا بائیکر سروس” کے ذریعے اب گھر بیٹھے تمام دستاویزات بنوانا ممکن ہوگیا ہے۔
یہ سروس شہریوں کو نادرا دفاتر کی طویل قطاروں اور بار بار چکر لگانے سے نجات دلاتی ہے اور شناخت سے متعلق اہم امور کو گھر بیٹھے مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
سروس کہاں دستیاب ہے؟
ابتدائی طور پر پنجاب کے چند علاقوں میں شروع ہونے والی یہ سہولت اب کئی شہروں تک توسیع پا چکی ہے، جن میں شامل ہیں:
لاہور
راولپنڈی
اسلام آباد
ٹیکسلا
واہ کینٹ
سندھ میں 3 شہروں میں سہولت دستیاب ہے
کراچی
حیدرآباد
میرپور خاص
سروس فیس کتنی ہے؟
گھر پر سہولت فراہم کرنے کی یہ سروس اضافی چارج کے ساتھ دستیاب ہے، جس کی کل لاگت 1000 روپے ہے:
825 روپے سروس چارج
175 روپے ترسیل (ڈلیوری) چارج
یاد رہے کہ فیس دستاویز کی قسم کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے، اور یہ سروس فی الحال صرف ایگزیکٹو کیٹیگری کے لیے دستیاب ہے۔
آپ اس سروس سے کیا حاصل کر سکتے ہیں؟
نادرا بائیکر سروس کے ذریعے شہری درج ذیل سہولیات حاصل کر سکتے ہیں:
شناختی کارڈ کی تجدید
دیگر نادرا شناختی دستاویزات کے لیے درخواست
نادرا دفاتر کی قطاروں سے نجات
سروس کے لیے رجسٹریشن کیسے کریں؟
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو صرف کال کرکے رائیڈر بک کروانا ہوگا۔
موبائل فون سے کال کرنے کے لیے: 1777 ڈائل کریں
لینڈ لائن سے کال کرنے کے لیے: 051111786100 پر رابطہ کریں