اسلام آباد :محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سندھ میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
مختصر صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں پر براعظمی ہوا کا راج ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں ہلکی مغربی لہر موجود ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم زیریں سندھ، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
چھور جمعرات کو ملک کا گرم ترین شہر رہا جہاں درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس تک بڑھ گیا۔
کراچی والے جمعہ کو ایک اور گرم دن کا تجربہ کریں گے اور جمعرات کو کچھ راحت کے باوجود پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ موسلا دھار بارش نے شہر قائد کے کچھ حصوں کو نشانہ بنایا، جس سے شدید گرمی سے راحت ملی۔ملیر، نارتھ کراچی، بفرزون، گلشن حدید، گلستان جوہر اور شاہ فیصل سے آندھی اور بارش کی اطلاعات ہیں۔