اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عید کے دوران ویکسین مراکزمیں چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ملک بھرمیں ویکیسنیشن مراکزمیں عید کے دوران دودن چھٹی ہوگی جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ویکسین مراکزعید کے پہلے اوردوسرے روزبند ہوں گے۔
چھٹیوں میں دودن کے علاوہ ویکسین مراکز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔اس سے قبل حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویکسینیشن سینٹرزعید کی تعطیلات کے دوران بھی کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ویکسینیشن سینٹرز میں برطانوی ویکسین اسٹرازینیکا لگانے کا آغاز ہوگیا ہے، آسٹرازینیکا 4 سے 8 ہفتوں کے وقفے کے ساتھ ڈبل ڈوز ویکسین ہے۔
آسٹرازینیکا ویکسین کوویکس سے ساڑھے 4 کروڑ پاکستانیوں کے لیے بطور عطیہ فراہم ہوگی۔ذرائع کے مطابق چین سے فروری میں برآمد سائنوفام کی موجودہ کھیپ سیکنڈ ڈوز لینے والوں کے لیے مختص ہے۔
پاکستان سائنوفام ویکسین کی 1 کروڑ خوراکوں کی خریداری چین سے کرنے کا معاہدہ کرچکا ہے۔نئی سائنوفام کھیپ پہنچتے ہی شہری پھر سے سائنوفام ویکسین بھی حاصل کرپائیں گے۔
پاکستان چین سے سنگل ڈوز کین سائنو بائیو ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں خریداری کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام سے قبل پاکستان کین سائنو سنگل ڈوز ویکسین کا استعمال شروع کردے گا۔