کراچی: مشہور و معروف ٹی وی سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کی اداکارہ حرا مانی نے اپنی کامیابی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آج میری شہرت کی سب سے بڑی وجہ میرے شوہر سلمان شیخ عرف مانی کی ذات ہے۔
ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کے ساتھ ساتھ دیگر ڈراموں کے اہم کردار ادا کرنے والی حرا مانی نے آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک ویڈیو میں اپنی تمام تر کامیابیوں کا سہرا اپنے شوہر کے سر پر سجادیا۔
ویڈیو پیغام میں اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ شادی سے قبل میرے شوہر سلمان شیخ عرف مانی شوبز انڈسٹری میں کامیاب تھے جبکہ میں اسی مشہور انسان سے شادی کرنے والی ایک عام سی لڑکی تھی۔
پیغام میں اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ مجھے سب سے پہلے شہرت مانی کی بیوی کی حیثیت سے ملی۔ اس کے بعد مجھے ایک شو میں کام آفر کیا گیا، جس سے ذہن پر خوف سوار ہوگیا کہ میں یہ کرسکوں گی یا نہیں؟ مانی نے مجھے حوصلہ دیا۔
اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ میرے شوہر کی حیثیت سے مانی نے میرے اندر کی فنکارہ کو پہچانا اور مجھے اداکارہ کی حیثیت سے کام کرنے کے لیے مکمل حوصلہ افزائی کی۔ آج مجھے جو بھی شہرت حاصل ہے، مانی کی وجہ سے ہے۔
https://www.instagram.com/p/B7aTdQZlnRa/