طالبان حکومت کا اعلیٰ سطحی وفد افغان مہاجرین کی واپسی کے بحران پر گفت و شنید کیلئے پاکستان پہنچ گیا۔
افغان سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کا وفد افغان وزیر صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی کی قیادت میں پاکستان کا پہنچ گیا ہے۔
باختر ایجنسی نے وزارت صنعت و تجارت کے اعلامیے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس وفد میں نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور دفتر، سرمایہ کاری میں سہولت کاری کے ادارے، وزارت خارجہ، مالیات، مہاجرین و واپس آنے والوں کے امور، ٹرانسپورٹ و سول ایوی ایشن، زراعت، آبپاشی و مالداری اور نجی شعبے کے نمائندے شامل ہیں۔
طالبان حکام کے مطابق وفد کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹ کے راستے میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینا اور ان کا حل تلاش کرنا، نیز پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین سے متعلق مسائل پر بات چیت کرنا بتایا گیا ہے۔