انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے ایک اختتامی تقریب کا منصوبہ بنایا ہے جو آج نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں اپنے اختتام کو پہنچنے والا ہے۔
آسٹریلیا، چھٹی بار ورلڈ کپ جیتنے کی کوشش میں مصروف ہے، توقع کی جارہی ہے کہ ایک لاکھ زائد تماشائی میچ دیکھنے کے لئے پہنچیں گے اور دلچسپ مقابلے سے لطف اندوز ہوں گے۔
آئی سی سی کی جانب سے چار مرحلوں پر مشتمل اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑے 12بجے شروع ہوجائے گی۔
سب سے پہلے، ہندوستانی فضائیہ اپنے اعلیٰ فلائٹ کمانڈر کی قیادت میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے میچ شروع ہونے سے پہلے 10منٹ کا ایئر شو کرے گی۔
دوسرا مرحلہ پہلی اننگز کے مشروبات کے وقفے کے دوران ہوگا جہاں کوک اسٹوڈیو انڈیا میں اپنے کام کے لیے مشہور میوزک پروڈیوسر آدتیہ گاندھی سامعین کو اپنی آواز سے محصور کریں گے۔
تیسرا مرحلہ اننگز کے وقفے کے دوران ہوگا،جہاں ممتاز بالی ووڈ میوزک پروڈیوسر پریتم چکرورتی اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے، وہ وہی ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ 2023 کا ترانہ ”دل جشن جشن بولے” کمپوز کیا تھا۔
آخر میں، دوسری اننگز کے مشروبات کے وقفے کے دوران لائٹ اور لیزر شو ہوگا اور یہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کی اختتامی تقریب کا اختتام ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں ٹیموں نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہوئے کیا جہاں ہوم سائیڈ فاتح بن کر ابھری۔