ماسکو: روس میں آتش فشاں کی سیر کیلئے جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس میں ہیلی کاپٹر آتش فشاں کی سیر کیلئے جا رہا تھا کہ اس دوران جھیل میں گر کر تباہ ہوگیا۔ بد قسمت ہیلی کاپٹر پر 16 افراد سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گر کر تباہ ہوگیا
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے جھیل میں گر کر تباہ ہونے کا واقعہ روس کے مشرقی علاقے میں پیش آیا۔ سیاحت کے شوقین مسافر آتش فشاں دیکھنے جارہے تھے۔
ہیلی کاپٹر پر سوار 16 افراد میں سے 13 سیاح جبکہ 3 عملے کے اراکین تھے۔ 8 افراد کو بچا لیا گیا، تاہم باقی 8 کی تلاش کیلئے ریسکیو کا عمل جاری ہے۔
ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر کی تباہی اور ریسکیو آپریشن کو کافی وقت گزر جانے کے بعد مقامی حکومت نے 8 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کردیا۔ جھیل میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔
غوطہ خوروں سمیت 40 ریسکیو ٹیمیں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کریل جھیل میں 330فٹ کی گہرائی میں جا کر ڈوب گیا۔
ہیلی کاپٹر کی تباہی کے واقعے پر ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ روس کے کم گنجان آباد علاقے کامچٹکا کی خوبصورتی کے باعث بے شمار سیاح ہر سال یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
روس میں گزشتہ ماہ بھی نجی کمپنی کا طیارہ تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 19 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو کے عمل میں تاخیر کے باعث کسی فرد کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ٹریننگ کے دوران اٹک کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، خوفناک حادثے کے باوجود خوش قسمتی سے دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا اس حوالے سے 6 روز قبل کہنا تھا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اٹک کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جہاز میں موجود دونوں پائلٹ بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے۔
مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کا لڑاکا تربیتی طیارہ گرکرتباہ،پائلٹ بحفاظت اُترنے میں کامیاب