کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں منگل کو موسلادھار بارش ہوئی، جب کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے سندھ کے کچھ حصوں میں 15 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں بشمول لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، سہراب گوٹھ، بہادر آباد، نیو کراچی، حب، شاہراہ فیصل، گلشن اقبال، گلزار ہجری، پرانی سبزی منڈی، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے اسکیم ون اور کارساز میں منگل کی سہ پہر تیز سے درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہناہیکہ بھارتی ریاست گجرات پر موجود ہوا کا کم دباؤ وسطی بھارت میں موجود کم دباؤ میں شامل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں 15 ستمبر تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، سانگھڑ، خیرپور اور میرپورخاص اضلاع میں چند مقامات پر وقفے کے ساتھ 15 ستمبر تک گرد و غبار کے طوفان/بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور ٹھٹھہ کے اضلاع میں منگل اور بدھ کو بھی اسی طرح کی بارش متوقع ہے۔
دریں اثنا، بارش کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ فیصل سے ایئرپورٹ جانے والے راستے میں سڑک پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوگئی۔اسی طرح ملیر، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام کی اطلاع ملی۔
بارش کے باعث کم از کم تین افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے، جبکہ بارش کے باعث کراچی میں چھت گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا، جبکہ زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کے لئے ریسکیو حکام موقع پر پہنچ چکے ہیں۔