کراچی: پیر کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے بعد آج ایک بار پھر تیز بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملیر، ایئرپورٹ، شاہ لطیف ٹاؤن، پورٹ قاسم، گلشن حدید، گلشن اقبال اور گلشن معمار سمیت کراچی کے کئی علاقوں میں اس وقت تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔
اسی طرح نارتھ ناظم آباد، نصرت بھٹو کالونی، سرجانی، منگھوپیر، بفر زون، احسن آباد اور ایم نائن موٹروے سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسم کی ایسی ہی صورتحال رہی۔
اس سے قبل دن میں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام بلدیاتی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کو الرٹ کیا کہ وہ صوبے میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں بروقت کارروائی کے لیے تیار رہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری صورتحال پیش گوئی کی مدت کے دوران خراب رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو سمندر میں نہانے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 27 سے 31 اگست کے دوران وقفے وقفے کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
میٹرولوجسٹ سرفراز احمد نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کراچی میں 150-200 ملی میٹر، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد 250-300 ملی میٹر، بدین، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، عمرکوٹ 500 ملی میٹر اور باقی ضلعوں میں بارش متوقع ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہوں نے شہروں کو نالوں کی صفائی کے لیے ضروری مشینری فراہم کر دی ہے تاکہ وہ اپنے نظام کو برقرار رکھ سکیں۔
واٹر بورڈ بھی اپنے سیوریج سسٹم کو فعال رکھنے کے لیے سرگرم ہے۔ نشیبی علاقوں سے پانی جمع ہونے کی صورت میں پمپ کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے اور دیگر ذرائع سے مشینری کا انتظام کرلیا گیا ہے۔