عید الفطر کے موقع پر وہ خاندان جن کے پیارے وطن کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر تعینات ہیں، اپنے دلوں میں جذبات اور فخر کے ملے جلے احساسات لیے اپنے عزیزوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر متعین جوانوں کے اہلخانہ نے مادرِ وطن کے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا، جو خوشیوں کے ان لمحات میں بھی قوم کی حفاظت کے لیے مستعد کھڑے ہیں۔
حوالدار شاکر کی اہلیہ نے جذباتی انداز میں کہا، “ہم آج کے دن آپ کو بہت یاد کر رہے ہیں، لیکن فخر ہے کہ آپ ملک کے دفاع میں مصروف ہیں۔” ان کی بیٹی نے بھی اپنے والد کی قربانی پر ناز کرتے ہوئے کہا، “آپ نے اپنی خوشیوں سے زیادہ ملک کی حفاظت کو ترجیح دی، اور یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔”
لیفٹیننٹ کرنل شکیل کی بیٹی نے اپنے والد کو عید مبارک کہتے ہوئے کہا، “بابا! ہمیں آپ اور پاک فوج پر فخر ہے۔” ان کی اہلیہ نے پاک فوج کے تمام بہادر سپاہیوں کے لیے محبت بھرا پیغام دیتے ہوئے کہا، “عید کی خوشیوں میں آپ سب کو یاد رکھنا ہمارا فرض ہے، جو آپریشن ایریاز میں بھی ملک کے دفاع کے لیے مستعد ہیں۔” ان کے والد نے بھی اپنے دلیر بیٹے اور دیگر فوجی جوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا، “یہ صرف آپ کے خاندان نہیں، بلکہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔”
لیفٹیننٹ کرنل حسن علی کی والدہ نے بیٹے کی خدمات پر فخر کرتے ہوئے کہا، “مجھے خوشی ہے کہ میرا بیٹا سرحد پر ملک کی حفاظت کر رہا ہے۔” ان کی بیٹی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میرے بابا پاک فوج کے جانبازوں میں شامل ہیں، اور میں بھی بڑی ہو کر پاکستان آرمی کا حصہ بن کر ملک کا دفاع کروں گی۔”
ان کی اہلیہ نے اپنے شوہر اور تمام فوجی جوانوں کے لیے محبت بھرا پیغام دیا، “عید آپ کے بغیر نامکمل ہے، لیکن ہمیں فخر ہے کہ آپ آج بھی مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔”
یہ جذباتی پیغامات اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ قوم کے یہ سپوت نہ صرف سرحدوں پر چوکس ہیں، بلکہ ان کے اہلخانہ بھی ان کے حوصلے اور قربانیوں کے معترف ہیں۔