لاہور:قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں آٹھویں کامیابی حاصل کرلی ہے۔یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔
فاتح ٹیم کے کپتان محمد رضوان سمیت ان فارم ٹاپ آرڈرزرائیلی روسو اور شان مسعود نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کرکے اس ایڈیشن کا پہلا جبکہ لیگ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔
246 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سات بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل 23 گیندوں پر چھ چھکوں اور دو چوکوں کی بدولت 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی دو بیٹرز جیسن رائے نے 38 اور سرفراز احمد نے ناٹ آؤٹ 17 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلے، شاہنواز دھانی، خوشدل شاہ اور آصف آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے تینوں ان فارم ٹاپ آرڈرز کی نصف عمدہ سنچریوں کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے۔یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے گزشتہ ایڈیشن میں پشاور زلمی کے خلاف 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز کا مجموعہ بنایا تھا۔ جو اب تک لیگ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی جوڑی نے فاتح ٹیم کو 119 رنز کا بہترین آغاز فراہم کرکے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ وکٹ کیپر بیٹر نے 54 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شان مسعود 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 7، ملتان سلطانز کا کوئٹہ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ