سیالکوٹ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کی رات کہا کہ انہیں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے، انہوں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے جس میں ان تمام عناصر کے نام بتائے ہیں جو مبینہ طور پر غیر ملکی سازش کا حصہ ہیں اور امریکی حمایت یافتہ ہیں۔
سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ”میری جان لینے کے لیے بند دروازوں کے پیچھے سازش رچی جا رہی ہے، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے اور اسے محفوظ جگہ پر رکھا ہے، میں نے ویڈیو میں ان تمام عناصر کے نام بتا دیے ہیں جو اس سازش میں ملوث ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے ہر ایک کا نام لیا ہے – وہ لوگ جو بیرون ملک اور اندرون ملک ”سازش” میں ملوث تھے۔ میں نے ویڈیو میں کہا ہے کہ ہر شخص کے نام اس کے دل پر نقش ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کی ویڈیو کی وجہ یہ تھی کہ پاکستان میں طاقتور لوگوں کا احتساب نہیں کیا جاتا، اس طرح وہ اس ویڈیو کے ذریعے ہر اس شخص کو بے نقاب کریں گے جو ”ملکی مفاد کے خلاف“ گیا۔
عمران خان نے کہا کہ اپنے دور میں، وہ بدعنوان سیاستدانوں کا احتساب کرنا چاہتے تھے، لیکن ”طاقتور لوگ” جو ایسا کر سکتے تھے، اب بدعنوانی کو معمول کے طور پر قبول کر چکے ہیں۔
معزول وزیر اعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے خلاف نکلیں اور پی ٹی آئی کا ساتھ دیں کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ”آپ کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا”۔
معزول وزیراعظم نے پاکستان کے مختلف شہروں بشمول کراچی، میانوالی، لاہور، پشاور اور جہلم میں جلسوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا ہے، جب وہ اسلام آباد مارچ سے قبل حکومت کے خلاف اپنی پارٹی کو تیار کر رہے ہیں۔
اپنے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب اقتدار میں تھا تو ان کی پارٹی نے اپنے سیاسی مخالفین کو احتجاج کرنے سے کبھی نہیں روکا۔
”ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیروکار ہیں اور ہم کبھی کسی سپر پاور کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہم صرف ایک سپر پاور کو مانتے ہیں جو اللہ ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کو سیالکوٹ میں جلسے سے کسی نے نہیں روکا، مریم اورنگزیب