پی ٹی آئی کو سیالکوٹ میں جلسے سے کسی نے نہیں روکا، مریم اورنگزیب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیالکوٹ میں جلسہ کرنے سے کسی نے منع نہیں کیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت عمران خان کی سخت گیر تقریروں سے ”ڈرنے والی نہیں“۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی گزشتہ چند ہفتوں سے عوامی اجتماعات کر رہی ہے اور کبھی کسی نے انہیں ایسا کرنے سے نہیں روکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر سے خوفزدہ نہیں ہیں کیونکہ وہ اپنی ذہنیت کو عوام کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ کی نفرت انگیز تقاریر سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پارٹی کو متبادل جگہ کے بارے میں بتانے کے بعد پی ٹی آئی اور حکومت کو پنڈال پر کوئی مسئلہ نہیں تھا۔

عمران خان کے اس پیغام کے جواب میں کہ وہ سیالکوٹ آنے والے ہیں،مریم اورنگزیب نے کہا: ”آؤ، تمہیں کون روک رہا ہے؟ تم سے کوئی نہیں ڈرتا، لوگوں نے تمہارا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بتایا گیا کہ مسیحی برادری سیالکوٹ میں چرچ گراؤنڈ کو عوامی اجتماع کے لیے نہیں دینا چاہتی کیونکہ اس سے قبل وہاں ایسی کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہوئی۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ عیسائیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو مسیحیوں کے حقوق اور جذبات کا بھی احترام کرنا چاہیے تھا۔

‘حکومت اپنی مدت پوری کرے گی’

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کی زیرقیادت نو منتخب حکومت آئین کے مطابق اپنی مدت پوری کرے گی۔

یہ بیان مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کی لندن میں ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے،جس کی تفصیلات جلد جاری ہونے کی توقع ہے، کیونکہ حکومت کی مدت ختم ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

حکمران جماعت میں پھوٹ اس وقت بھی دیکھی گئی جب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کو معاشی محاذ پر درپیش مشکلات کے پیش نظر قبل از وقت انتخابات پر زور دیا تھا۔

ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بھی فوری انتخابات کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ انہوں نے نئی حکومت کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

مزید پڑھیں:سیالکوٹ جلسہ، پاکستان تحریک انصاف نے جلسے کا مقام تبدیل کردیا

آج کی پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات نے تصدیق کی کہ مسلم لیگ (ن) کے دورہ لندن کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں گے۔

Related Posts