پاکستان میں مشہور سوشل میڈیا ایپ ایکس پر پابندی کے بعد بلو اسکائی نامی نئی سوشل ایپ صارفین میں مقبول ہو رہی ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ حکومت نے اس نئی ایپ کو بھی بلاک کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر خاص طور پر فیس بک پر بلو اسکائی کے صارفین یہ رپورٹ کر رہے ہیں کہ ایپ کو ملک میں بند کر دیا گیا ہے تاہم حکومت کی طرف سے اس معاملے پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
بلو اسکائی کی پاکستان میں اچانک مقبولیت ایکس تک رسائی میں بڑھتی ہوئی مشکلات کے دوران سامنے آئی ۔ حکومت کی پابندیوں اور ایکس تک رسائی کے لیے وی پی این کی ضرورت کے سبب بہت سے پاکستانی صارفین نے بلو اسکائی کو ایک متبادل کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
بلو اسکائی کی مقبولیت اس کی سادہ اور صارف دوست تجربے میں ہے جو ایکس کی طرح کی خصوصیات پیش کرتا ہے لیکن ایلون مسک کے پلیٹ فارم کی پیچیدگیوں اور زہر آلود مواد سے پاک ہے۔
پاکستان اور دیگر خطوں میں بلو اسکائی ایکس کی تبدیلیوں سے پریشان صارفین کے لیے ایک مقبول متبادل بن رہا ہے، بشمول حالیہ متنازعہ پالیسی شفٹ جس کے تحت بلاک شدہ صارفین کو عوامی اکاؤنٹس دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
بلو اسکائی کیا ہے؟
بلو اسکائی کو ابتدا میں ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے ایک منصوبے کے طور پر تخلیق کیا تھا جس کا مقصد سوشل میڈیا کے لیے ایک کھلا اور غیر مرکزی معیار بنانا تھا۔
2021 میں ایک آزاد ادارے کے طور پر لانچ ہونے کے بعد بلو اسکائی نے تیزی سے ایکس کے مقابلے میں ایک مضبوط حریف کے طور پر ترقی کی ہے اور یہ زیادہ حسب منشا اور شفاف صارف تجربہ فراہم کرتا ہے۔