کراچی: جمعہ کی رات پریڈی پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دستی بم حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے کراچی کے پریڈی پولیس اسٹیشن کی پارکنگ میں کریکر پھینکا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دھماکے سے پولیس اسٹیشن کی بیرونی دیوار کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سندھ کے وزیر داخلہ، ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اور متعلقہ حکام کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ موٹر سائیکل سواروں نے کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک دستی بم کے باقیات برآمد کیے جس کی شناخت آر جی ڈی-5 گرنیڈ کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جس کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔