اسلام آباد (سیّد یاسین ہاشمی): آٹھ سال بعد برطانوی جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ کی انڈر 15 کیٹگری میں پاکستان کو ٹائٹل جیت کر دینے والے کھلاڑی حمزہ خان آج وطن واپس پہنچ گئے۔
کمسن کھلاڑی حمزہ خان اسپورٹس اسٹاف کے ہمراہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن حکام اس موقعے پر موجود تھے۔
انڈر 15 مقابلوں میں برٹش اسکواش چیمپین شپ کا ٹائٹل جیتنے والے حمزہ خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اسکواش فیڈریشن حکام نے پھولوں کے ہار پہنائے۔
پاکستان کے لیے اعزاز لانے والے کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسکواش فیڈریشن حکام کا کہنا تھا کہ ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان یہ ٹائٹل جیتا، حمزہ خان بلا شبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی شہر برمنگھم میں برٹش جونیئر اوپن اسکواش کے انڈر 15 مقابلوں میں پاکستان کے حمزہ خان نے ٹائٹل جیت لیا جبکہ یہ کامیابی 8 سال بعد پاکستان کا نصیب بنی۔
انڈر 15 اسکواش اوپن چیمپین شپ میں حصہ لیتے ہوئے حمزہ خان نے دو روز قبل مدِ مقابل برطانوی کھلاڑی یوسف شیخ کو 4-11، 3-11 اور 7-11 سے ہرایا جبکہ مقابلہ محض 16 منٹ تک جاری رہا۔
پاکستان کے شہر پشاور سے تعلق رکھنے والے حمزہ خان نے 8 سال بعد وطنِ عزیز کو ٹائٹل جتوایا جبکہ انڈر 15 کے ساتھ ساتھ دیگر مقابلوں میں بھی پاکستان کی پوزیشن خاصی جاندار رہی۔
دوسری جانب وفاقی وزراء سمیت پاکستان کی قومی سیاسی و سماجی شخصیات کی طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کمسن کھلاڑی کو مبارکباد دی۔
مزید پڑھیں: اسکواش کے انڈر 15 مقابلوں میں حمزہ خان کی کامیابی