ہانگ کانگ کی کرپٹو کرنسی فرم کو رواں سال 200 ملین ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کرپٹو کرنسی کمپنی مکسین نے گزشتہ روز ایکس پر جاری ایک پیغام میں بتایا کہ ہیکرزنے ہمارے نیٹ ورک کو ہیک کرلیا تھا اور انہوں نے فرم سے 200 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری کرلی۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں مکسین نے مزید کہا کہ فی الحال صارفین ہمارے پلیٹ فارم سے رقم منتقل نہیں کرسکیں گے جیسے ہی ہماری سروس کھلے گی تو صارفین اس کو استعمال کرسکیں گے۔
مکسین خود کو ڈیجیٹل اثاثوں کی منتقلی کے لیے ایک نیٹ ورک کے طور پر بیان کرتا ہے۔ اس کی ویب سائٹ کے مطابق اس کے ایک ملین صارفین ہیں۔
دوسری جانب بلاک چین ریسرچ فرم کے مطابق ہیکرز کی جانب سے کی گئی 200 ملین ڈالر کی چوری اب تک کی 10 ویں بڑی چوری ہےاور 2023 کی سب سے بڑی۔
اس سے قبل ہیکرز نے سال 2022 میں 3.8 بلین امریکی ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی تھی۔