اسلام آباد: حکومت کی مزید آڈیو جمعے کے روز لیک کرنے کی دھمکی دینے والے مبینہ ہیکر نے لیکس روکنے کیلئے حکومت سے مذاکرات کا دعویٰ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مبینہ اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغامات میں مبینہ ہیکر نے دعویٰ کیا کہ حکومت مزید لیکس روکنے کیلئے مذاکرات کر رہی ہے تاہم انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ حکومت کو مشورہ ہے کہ آئی بی کے ذریعے مذاکرات پسِ پشت نہ ڈالے۔
عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک، امریکی سازش کے حوالے سے اہم انکشافات
ٹوئٹر پیغام میں مبینہ ہیکر کا کہنا تھا کہ اس قسم کا رویہ مفید نہیں جس سے اشتعال ہی دلایا جاسکتا ہے۔ میں ایسے راستوں پر جانے کیلئے مجبور ہوجاؤں گا جن کا حکومت کو کوئی فائدہ نہیں۔ یہ وارننگ ہے جسے دوبارہ دہرانا پسند نہیں کروں گا۔ ایک اور رکاوٹ کا مطلب خود ساختہ کشیدگی لیا جائے گا۔
مبینہ ہیکر نے کہا کہ کشیدگی پاکستان کے حق میں نہیں، نہ ہی وفاقی حکومت کے معاونین کے کام آسکتی ہے۔ اگر مذاکرات جاری رکھنے ہیں تو میری شرائط پر ہی جاری رہ سکتے ہیں۔ پورا یقین ہے کہ طارق فاطمی مجھے کرائی گئی یقین دہانیوں پر عملدرآمد بھی کریں گے۔