آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائیگی، وزیر اعظم عمران خان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائیگی، وزیر اعظم عمران خان
آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائیگی، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے ہدایت کی ہے کہ آئندہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے جائیں اور مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔

آئندہ بجٹ اور ملکی معیشت کے حوالے سے وزیراعظم کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، فواد چودھری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی معیشت، مہنگائی کو روکنے کیلئے حکمت عملی اور آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔پارٹی کی سینئر قیادت سے اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز طلب کی گئیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا وباء کے باوجود حالیہ سمارٹ لاک ڈاؤن سے پہلے محصولات کی شرح پچھلے سال اپریل سے تقریباً دُوگُنا ریکارڈ کی گئی۔

آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز تر کرکے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جی ڈی پی کا حجم بڑھے گا اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہوگی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر ہدایت دی کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعظم کو مہنگائی کو روکنے کیلئے بنائی گئی جامع حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔عوامی مفاد میں کام کو مزید تیز کیا جائے۔

مزید پڑھیں: بشیر میمن نے وزیرِ اعظم پر لگائے گئے الزامات واپس لے لیے، وفاقی وزراء کا شدید ردِ عمل

Related Posts