اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے ایک بہترین منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کثیر الجہتی منصوبہ ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
وزیر اعظم نے سی پیک منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کا مظہر ہے اور حکومت اپنے شہریوں کو فوائد پہنچانے کے لئے اسے ہر قیمت پر مکمل کرے گی۔
سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ ، وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات و خصوصی اقدامات اسد عمر ، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد ، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی،سی پیک کے منصوبوں پرپیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ہماری معاشرتی اور معاشی ترقی کے لئے ایک بہترین منصوبہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت سی پیک کو کسی بھی قیمت پر مکمل کرے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کی علامت ہے۔
مزید پڑھیں: سی پیک پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔جنرل عاصم سلیم باجوہ