کراچی:وفاقی حکومت نے چاول کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزارت تجارت سمری ای سی سی کو بھیجے گی۔ذرائع کے مطابق چاول کو انڈسٹری کا درجہ دینے سے چاول کی ایکسپورٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی پیداوار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
وزارت تجارت کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ چاول کوانڈسٹری کا درجہ دینے سے بینکوں سے فنانسنگ سہولیات حاصل کرنے میں اس انڈسٹری کو کافی معاونت حاصل ہو گی، جبکہ اس سیکٹر کوانرجی سپلائی سمیت دیگر مسائل بھی حل ہوں گے۔
وزارت تجارت کے مطابق اس وقت 8.7 ملین ٹن پاکستان میں چاول کی پیداوار ہے جس میں سے 3.5 ملین ٹن مقامی استعمال میں آتا ہے اگر اس فصل پر کام کیا جائے توچاول کی فصل ایکسپورٹ بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
دوسری جانب سال 2021کورونا وبا کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوا ،حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کی اجازت دینے پر حکومت نے صنعتکاروں کو مختلف ریلیف پیکیجز دئیے جس کا ایکسپورٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
سال 2021 میں کورونا وبا نے دنیا بھر کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا،پاکستانی معیشت بھی انتہائی دبا کا شکار رہی تاہم ایکسپورٹرزنے انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی کامیابی کے پنجے گاڑ دئیے۔
پاکستان نے جولائی 2021 سے نومبر 2021 تک 12.344 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی جس میں سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کارہا۔صنعتکاروں کے مطابق انرجی سیکٹر پر حکومتی ریلیف کے باعث صنعتی پہیہ پوری طرح رواں ہوا۔
مزید پڑھیں:منی بجٹ کی تیاریاں، کون کون سے نئے ٹیکس، عوام پر کتنا بوجھ پڑے گا؟