اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر مبنی اقتصادی بڑھوتری کے لئے کوششیں کر رہی ہے،ماضی کی حکومتوں نے صرف کھپت کی بنیاد پر بڑھوتری پر توجہ دی جس سے حقیقی اور پائیدار اقتصادی بڑھوتری حاصل نہ ہوسکی۔
پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتےہوئے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے اور معیاری اقتصادی بڑھوتری کے لئے کام کر رہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے صرف کھپت کی بنیاد پر بڑھوتری پر توجہ دی جس سے حقیقی اور پائیدار اقتصادی بڑھوتری حاصل نہ ہوسکی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کے عمل کی حمایت کرتا ہے۔ معیشت دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کا اہم شعبہ ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے وہ پاکستان کی اقتصادی ٹیم کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔ برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لئے پروازیں بحال کر دی ہیں۔
برطانیہ کے تاجروں و سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو پاکستان جانے کے لئے راغب کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے لئے سفری ہدایات میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی میں تبدیلی اور پاکستان کے ساتھ تجارت‘ معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ میں دلچسپی لینے پر برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آٹے کا بحران سندھ حکومت کی بد انتظامی سے پیدا ہوا۔علی حیدر زیدی