کراچی: صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں۔
اپنے مداحوں کے نام ویڈیو پیغام میں اداکارہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک خوف و ہراس کی فضاء قائم ہے۔
پاکستان میں دو ہزار کے لگ بھگ کیسز سامنے آچکے ہیں لیکن پاکستان میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔
مہوش حیات نے کہا کہ کراچی کی دو کروڑ آبادی کیلئے آئی سی یو زمیں مجموعی طور پر بستروں کی تعداد چھ سو ہے جبکہ پاکستان کی بائیس کروڑ عوام کیلئے صرف سترہ سو وینٹی لیٹرز ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے پاس صرف پندرہ ہزار ماسک ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ دن رات زندگیاں بچانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہے لیکن ان کے پاس اپنی حفاظت کیلئے مطلوبہ سامان نہیں ہے جس کی وجہ سے اپنی صحت متاثر ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا کو شکست ہوگی، زندگی اپنی رنگینیوں کی طرف لوٹ آئے گی، ڈاکٹر ہماء میر
انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو مطلوبہ سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔
عوام سے گزارش کرتے ہوئے اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران اپنے گھروں میں رہیں اور سماجی دوری اختیار کرکے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری زرا سی لاپرواہی لاتعداد زندگیو ں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، اس لیے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
Front line medical staff have to have the right protective equipment to fight COVID-19 or the situation will deteriorate rapidly. We need to give what we can to PM’s Relief Fund. Also this is not a holiday-we have to stay at home to save lives.Together we will win this battle! IA pic.twitter.com/IqhhcqK3CW
— Mehwish Hayat TI (@MehwishHayat) March 31, 2020