مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے حکومتی کوششوں پر عوام کی اکثریت نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، گیلپ سروے کے مطابق 66 فیصد شہری حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
گیلپ نے حکومت کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی مجموعی کوششوں پر نیا سروے جاری کیا ہے جس کے مطابق 66 فیصد افراد حکومتی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے جAبکہ 95 فیصد پاکستانیوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار پر 45 فیصد لوگوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا، امریکا کے کردار پر 72 فیصد افراد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اسلامی ملکوں کے کردار پر 53 فیصد افراد مطمئن نظر آئے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں اس طرح لڑیں گے جیسا ماضی میں کسی نے نہیں لڑا اور وہ دنیا میں مقبوضہ کشمیر کے سفیر ہوں گے۔
گزشتہ ماہ ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بھرپور طریقے سے کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے رکھا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں 5 اگست سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی بحران جنم لے چکا ہے۔
مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے جبکہ ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مکمل بند ہے۔