اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ عوام کی درست شرح معلوم کرنے کیلئے سیروایپیڈیمیولوجیکل سروے کیا جائے جو 2 سے 3 ہفتے میں مکمل کی جائے گی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وائرس کے متاثرین کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 600 سے زائد ہے۔
جون کے ابتدائی 2 ہفتوں کے دوران تحقیقات کا آغاز شہرِ اقتدار سے کیا جائے گا جس کا مقصد وائرس سے متاثر ہونے والے اور نہ ہونے والے افراد کے ایکسپوژر کا موازنہ ہے۔
ایکسپوژر کے موازنے سے کورونا وائرس کے خطرے کے عنصر کی چھان بین کی جائے گی جس سے شعبۂ صحت سے وابستہ قومی اداروں کو کورونا وائرس پر تحقیق میں آسانی ہوگی۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات ناکافی ہیں جبکہ ٹیسٹ انہی افراد کے کیے جارہے ہیں جو خود ہسپتالوں میں ٹیسٹ کیلئے جائیں یا جن میں وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق وائرس کے پھیلاؤ کی شرح اس سے کہیں زیادہ ہے جتنی ٹارگیٹیڈ ٹیسٹنگ سے ظاہر ہوتی ہے جس کا جائزہ لینے کیلئے سروے ضروری قرار دیا گیا ہے۔