اسلام آباد:پاکستان سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے خلاف عوام کی غیر سنجیدگی جاری ہے، حکومت نے غیر سنجیدہ رویے کو زہرِ قاتل قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم کے احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر چانیہ نشتر نے کہا کہ کورونا وائرس کی آگہی کے متعلق پروگرام میں شرکت کے دوران سامعین سے یہ جان کر بڑی حیرت ہوئی کہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے باوجود گاؤں میں بیٹھکیں اور حقہ بانٹنے کی روایت ویسے ہی جاری ہے۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا آپ احتیاط کریں کیونکہ قریب بیٹھنے اور حقہ بانٹنے سے کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔
کرونا کی آگاہی سے متعلق پروگرام 'رابطہ' میں کل سامعین سے یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ ملک میں کرونا وبا کے باوجود گاؤں میں بیٹھکیں اورحقہ بانٹنے کی روایت ویسے ہی جاری ہے۔ خدارااحتیاط کیجیے قریب بیٹھنے اورحقہ بانٹنے سے کرونا تیزی سے پھیلتا ہے۔پروگرام سنیئے۔ https://t.co/YZFZm3Dhbg pic.twitter.com/OSd9KlvZtM
— Senator Dr Sania Nishtar (@SaniaNishtar) March 27, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران عوام کی ملک گیر غیر سنجیدگی دیکھتے ہوئے کرفیو کے نفاذ پر غور شروع کردیا۔ حکومت کے مطابق شہری سنجیدگی سے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عمل نہیں کر رہے۔
کراچی سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باوجود شہریوں میں غیر سنجیدگی دیکھنے میں آئی جسے دیکھتے ہوئے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذپر غور شروع ہو گیا ۔
با خبر ذرائع کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مزید سخت فیصلے کے لیے اعلیٰ سطح پر مشاورت شروع کر دی گئی۔ سول انتظامیہ اور صوبائی حکومت نے اپنا اآئینی اختیار استعمال کرنے پر غورشروع کردیا۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن کے دوران غیر سنجیدگی پر حکومت کا کرفیو کے نفاذ پر غور