کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں شدید ہنگامہ آرائی، ارکان آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، تلخ جملوں کا تبادلہ، ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
آج سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا تو اپوزیشن ارکان نے دعا کے دوران شور شرابہ شروع کردیا جس پر حکومتی ارکان بھی برس پڑے۔تحریک انصاف کے ارکان کے شور پر اسپیکر آغا سراج درانی نے کا کہ بہت افسوس کی بات ہے دعا کےدوران خلل ڈالا گیا۔
خرم شیر زمان اور مکیش چاؤلہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اس دوران کچھ اراکین اسمبلی بیچ بچاؤ کراتے رہے۔
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے، سندھ میں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی نے وزیراعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کو بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر پی ٹی آئی نے سندھ حکومت پر انتقامی کارروائی کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو شدید ردعمل کا انتباہ بھی دیا تھا۔